نئی دہلی،12اپریل(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)آئی پی ایل میں شاندار سنچری لگا کر دہلی ڈیر ڈیولس کو فتح دلانے والے نوجوان کھلاڑی سنجو سیمسن ایک میچ فاتح کھلاڑی بن کر ابھرے ہیں۔ سنجو نے ڈیرڈیولس کو اس سیشن کی پہلی جیت دلانے کے ساتھ ساتھ آئی پی ایل کے اس سیشن میں پہلی سنچری بھی لگائی ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ منیش پانڈے کے بعد سب سے کم عمر میں آئی پی ایل میں سنچری بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ سنجو کو دہلی نے 2016 میں 4.2 کروڑ روپے کی بولی لگا کر خریداتھا۔ اس نوجوان کھلاڑی کے کیریئر کو سنوارنے میں ان کے والد کی بھی اہم کردار رہا ہے۔سنجو کے کرکٹ کے لئے ان کے والد وشوناتھ شمشون نے دہلی پولیس کے کانسٹیبل کی نوکری چھوڑ دی تھی، وہ کسی بھی قیمت پر سنجو کو کرکٹر بنانا چاہتے تھے۔ دہلی انڈر 13 ٹیم میں سنجو کا انتخاب نہیں ہونے پر انہوں نے رضاکارانہ ریٹائرمنٹ لے لی اور خاندان سمیت اپنے شہر تھرونت پورم لوٹ گئے تھے، سنجو تب دہلی کے روزری سینئر سیکنڈری اسکول میں پڑھتے تھے۔